مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ یزد کے مدیر حوزہ علمیہ حجۃ الاسلام والمسلمین محمد شمس نے ایک پیغام جاری کرتے ہوئے بس حادثے میں شہید ہونے والے پاکستانی زائرین کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بِسْمِ الله الرَّحْمَٰنِ الرَّحِیمِ
وَمَنْ یَخْرُجْ مِنْ بَیْتِهِ مُهَاجِرًا إِلَی اللَّهِ وَرَسُولِهِ ثُمَّ یُدْرِکْهُ الْمَوْتُ فَقَدْ وَقَعَ أَجْرُهُ عَلَی اللَّهِ ۗ (١٠٠/نساء)
یزد کے دہشیر میں زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے میں اہل بیت علیہم السلام کے چاہنے والوں کے ایک گروہ کی شہادت نہایت دلخراش اور افسوسناک ہے۔
بے شک جن کے دل فرزندانِ رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے جڑے ہوئے ہیں اور جو ابا عبداللہ الحسین (ع) کی محبت میں سانس لیتے ہیں وہ ہمیشہ زندہ ہیں اور آخرت میں رزق الہی سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور یہ واقعہ انہیں سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے پیروکاروں میں شامل کر دیتا ہے جو در حقیقت اربعین حسینی کی راہ کے مہاجرین ہیں، جنہوں نے دعوت حق پر لبیک کہتے ہوئے اپنی جانیں قربان کر دیں۔
زائرین حسینی کی شہادت کے موقع پر میں ان کے معزز خاندانوں، پاکستان کی معزز اور با ایمان قوم اور شہید پرور ایرانی ملت سے تعزیت کرتا ہوں اور اس واقعے کے مجروحین کی جلد صحت یابی اور زندہ بچ جانے والوں کی سلامتی کی دعا کے ساتھ لواحقین کو صبر جمیل کی تلقین کرتا ہوں۔
محمد شمس
مدیر حوزہ علمیہ صوبہ یزد
21 اگست 2024ء
آپ کا تبصرہ